اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی یقین دہانی پر احتجاج کی کال واپس لے لی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں حماد اظہر، خالد خورشید، علی امین گنڈا پور، عمر ایوب سمیت دیگر قائدین شامل ہوئے۔
اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنماؤں میں سے بعض نے احتجاج ہر صورت کرنے پر زور دیا تاہم چیئرمین نے بتایا کہ حکومت نے عمران خان کے طبی معائنے کی یقین دہانی کرادی ہے، کل ڈاکٹرز اُن کا علاج کریں گے۔
اجلاس میں تحریک انصاف نے اسلام آباد ڈی چوک احتجاج ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ احتجاج ملتوی کر رہے ہیں، حکومت نے مطالبہ مان لیا ہے، ڈاکٹرز صبح عمران خان کا چیک اپ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پمز کے ڈاکٹر ہوں یا شوکت خانم کے ہمیں بانی چئیرمین کا علاج کروانا ہے۔
قبل ازیں حکومت نے کل کا احتجاج موخر کرنے کے لیے تحریک انصاف کی شرط مان لی، اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے طبی معائنے کیلئے حکومت تیار ہوگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کل صبح اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کریں گے، وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی قیادت کو حکومت کے فیصلے سے آگاہ کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کل صبح اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کریں گے۔ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر حکومت کی پیشکش پر مشاورت کر رہے ہیں۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وہ کل احتجاج کے لیے اسلام آباد ضرور جائیں گے۔