ملتان(اُمت نیوز)انگلش ٹیم کے سابق کپتان و کمنٹیٹر مائیکل وان نے بابراعظم سمیت اہم کرکٹرز کو ڈراپ کرنے کے فیصلے پر بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
سابق انگلش کرکٹر و کمنٹیٹر مائیکل وان نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے طنزیہ لہجہ اپنایا کہ پاکستان انگلینڈ سے پہلا میچ نہیں جیت سکا تو بورڈ نے ملک کے بہترین کھلاڑی کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
مائیکل وان نے بابراعظم کو ڈراپ کرنے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے فیصلے پر ‘بیوقوفوں والا فیصلہ’ قرار دیا۔
سابق انگلش کپتان نے اپنی ٹوئٹ میں بابراعظم کو بھی ٹیگ کیا، ‘مجھے لگتا ہے کہ پاکستان کرکٹ سرپرائز سے مالا مال ہے لیکن یہ فیصلہ سمجھ سے باہر ہے تاہم اگر بابر نے خود بریک لیا ہے تو پھر قابلِ قبول ہے’۔
قبل ازیں گزشتہ روز اتوار کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ کیلئے پاکستان نے اسکواڈ کا اعلان کیا تو بابراعظم، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کو ڈراپ کردیا گیا، جس پر بورڈ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم ملتان ٹیسٹ میچ کے دوران تینوں پاکستانی کرکٹرز بری طرح ناکام ہوئے جبکہ بابراعظم مسلسل 18 سے زائد اننگز کھیلنے کے باوجود کوئی ففٹی اسکور نہیں کرسکے ہیں۔
دوسری جانب پی سی بی کے بابراعظم کو ڈراپ کرنے کے فیصلے پر اوپنر فخر زمان نے بھی سوال اٹھایا جس پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیا تھا۔