مقدمے میں 18 ملزمان نامزد ہیں جن میں سے ایک ملزم کا انتقال ہوچکا ہے، فائل فوٹو
 مقدمے میں 18 ملزمان نامزد ہیں جن میں سے ایک ملزم کا انتقال ہوچکا ہے، فائل فوٹو

ڈاکٹر شاہنواز قتل کیس کے ملزمان ضمانت پر رہا

میرپورخاص: انسداد دہشت گردی کی عدالت میرپورخاص نے توہین مذہب کے ملزم ڈاکٹر شاہنواز قتل کیس میں نامزد 9 ملزمان کو ضمانت پر رہا کردیا۔

تفصیلات کے مطابق عدالت میں عمرکوٹ سے تعلق رکھنے والے 9 ملزمان پیش ہوئے، تمام ملزمان ڈاکٹر شاہنواز واقعہ میں نامزد تھے جن کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے رہا کردیا گیا۔

رہائی پانے والے ملزمان میں بلال، صدام، شکیل، محمد شاہد، محمد ساحل، الطاف حسین، بلاول، محمد ایان اور وہاج شامل ہیں جو عمرکوٹ میں جلاؤ گھیراو کے مقدمات میں نامزد تھے۔

اس پیش رفت سے قبل توہین مذہب کے مبینہ الزام میں ڈاکٹر شاہنواز کی جعلی پولیس مقابلے میں ہلاکت کا معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی۔

ڈاکٹر شاہنواز کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے کیلئے قبر کشائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ ون عامرراجپوت کی زیرنگرانی قبر کشائی ہوئی۔

میڈیکل بورڈ میں لمس یونیورسٹی جامشورو کے ایف ایم اور پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ شامل تھے۔ ڈاکٹر شاہ نواز کی قبر کشاٸی کے بعد ڈاکٹروں نےضروری اجزا بھی حاصل کرلیٸے۔

عمرکوٹ پولیس نے مقتول ڈاکٹر شاہنواز کی قبر اور قریبی جگہ سے میڈیا کودور رکھا۔

خیال رہے کہ 20 ستمبر 2024 کو سندھ کے علاقے عمر کوٹ میں پولیس نے توہین مذہب کے الزام کا سامنا کرنے والے ایک ڈاکٹر کو مبینہ پولیس مقابلے میں مارنے کا دعویٰ کیا تھا۔