نئی دہلی: الٹا چور کوتوال کو ڈانتے کے مصداق مودی سرکار نے نہ صرف کینیڈین ناظم الامور کو طلب کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا بلکہ کینیڈا کے قائم مقام ہائی کمشنر سمیت 6 اعلیٰ سفارت کاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم بھی دیا۔
گزشتہ روزکینیڈا نے بھارتی ہائی کمشنر سمیت 6 اعلیٰ سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب بھارتی وزارتِ خارجہ نے کینیڈا کی حکومت پرعدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے ہائی کمشنر سمیت دیگر سفارتی عملے کی حفاظت کے معاملے پر تشویش ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ نے ہردیپ سنگھ نجر کیس میں اپنے ہائی کمشنر اور دیگر سفارت کاروں کو کینیڈا کی جانب سے شاملِ تفتیش کرنے کو مضحکہ خیز قرار دیا۔
یاد رہے کہ 45 سالہ خالصتان رہنما ہردیب سنگھ نجر کو گزشتہ سال جون میں مسلح افراد نے کینیڈا کے علاقے کولمبیا میں قتل کر دیا تھا۔
کینیڈا نے اس قتل کا الزام بھارتی خفیہ ایجنسی را پر عائد کرتے ہوئے بتایا تھا کہ تفتیش سے معلوم ہوا اس میں بھارتی سفارت کار بھی ملوث تھے۔