ولمبو: سری لنکا میں سائبر کرائم میں ملوث 230 سے زائد چینی باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتھ ہیراتھ کے مطابق سری لنکن پولیس نے گزشتہ روز چینی سکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے کارروائی کر کے بین الاقوامی بینکوں سے آن لائن فراڈ کے الزام میں 230 سے زائد چینی باشندوں کو گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آن لائن فراڈ میں استعمال ہونے والے 250 کمپیوٹر اور 500 موبائل فون بھی ضبط کیے گئے ہیں۔
حکام کی جانب سے اس سلسلے میں مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔وجیتھ ہیراتھ نے بتایا کہ آن لائن فراڈ میں کتنی رقم چوری کی گئی اس کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چینی باشندوں نے بنیادی طور پر غیر ملکی بینکوں اور مالیاتی اداروں کو نشانہ بنایا ہے۔
اس حوالے سے کولمبو میں موجود چین کے سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے سری لنکا کی پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے سکیورٹی اہلکاروں کا ایک گروپ بھیجا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بڑی تعداد میں مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کی وطن واپسی کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔