اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کیلیے آئے منگولیا کے وزیراعظم نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے تجارت، سیاحت، زراعت اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی کمیشن بنانے پراتفاق کیا، دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو وسعت دینے کے لئے بین الپارلیمانی یونین کے قیام پر بھی اتفاق ہوا۔
منگولیا کے وزیراعظم نے وزیراعظم ہاوس میں پودا بھی لگایا، وزیراعظم شہباز شریف نے منگولیا کے سول سرونٹس کو پاکستان کے تربیتی اداروں میں تربیت کیلیے بھیجنے کی پیشکش کی، شہبازشریف نے منگولیا کے وزیر اعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ کا دورہ دونوں ممالک کے مابین باہمی احترام، خیر سگالی اور برادرانہ تعلقات کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہے، دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری، عوام سے عوامی و مواصلاتی روابط پر خصوصی توجہ کے ساتھ باہمی طور پر مفید تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنی چاہئیں۔