شکیب الحسن کا بنگلادیش نہ جانے کا فیصلہ

بنگلادیش کے کرکٹر شکیب الحسن نے وطن واپسی پر یو ٹرن لے لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے باعث شکیب الحسن نے بنگلادیش نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈھاکا میں شیر بنگلا اسٹیڈیم کے باہر گزشتہ روز شکیب الحسن کے خلاف مظاہرہ ہوا ہوا تھا، مظاہروں کے وقت اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا اور بنگلادیش کی ٹیمیں پریکٹس کر رہی تھیں۔

شکیب الحسن نے بنگلادیشی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے واپس بنگلادیش جانا تھا مگر اب ایسا لگتا ہے کہ میں نہیں جا سکوں گا، سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے ایسا فیصلہ کیا اور یہ میری ذاتی سیکیورٹی کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے کہ وطن واپس نہ جانے کا میرا یہ فیصلہ حتمی ہے۔

شکیب الحسن نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت کرنا تھی اور پہلے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ میں ان کا نام بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ شکیب الحسن نے اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

جنوبی افریقا اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 اکتوبر سے میرپور میں شروع ہو گا۔