ہر 9 میں سے 1 خاتون کو چھاتی کے سرطان کا خطرہ ہے: صدر زرداری

اسلام آباد(اُمت نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر 9 میں سے 1 خاتون کو چھاتی کے سرطان کا خطرہ ہے۔

بریسٹ کینسر کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چھاتی کا کینسر خواتین میں سب سے زیادہ تشخیص ہونے والا کینسر ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں خواتین میں موت کی بڑی وجہ بریسٹ کینسر ہے، چھاتی کے کینسر کے واقعات جنوبی ایشیائی ممالک میں زیادہ عام ہیں، چھاتی کا کینسر عام ہونےکی بڑی وجہ اس سے آگاہی کی کمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی دیر سے تشخیص موت کی شرح میں اضافہ کرتی ہے، معاشی مشکلات بھی مطلوبہ علاج حاصل کرنے کی راہ میں آڑے آتی ہیں، بریسٹ کینسر پر غلط فہمیاں دور کرنے اور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستانی خواتین کو باقاعدگی سے اپنا معائنہ خود کرنے کی عادت اپنانا ہو گی، پاکستان میں میموگرافک اسکریننگ کی دستیابی کے لیے وسیع تر کوششوں کی ضرورت ہے، پالیسی سازوں اور صحت کے حکام کو بیماریوں پر قابو پانے کے لیے منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان کو بہتر علاج اور مریضوں کی انفرادی دیکھ بھال کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے، خواتین کو اسکریننگ اور جلد تشخیصی خدمات تک رسائی یقینی بنانا ہو گی، بیماری کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کا کردار اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا لوگوں کو بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی دے کر قیمتی جانیں بچائے، آئیے مریضوں اور ان کے خاندانوں اور چھاتی کے کینسر سے بچ جانے والوں کی مزید مدد، دیکھ بھال اور امید دینے کا عہد کریں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انفرادی، ادارہ جاتی اور قومی سطح پر اجتماعی کوششیں لوگوں کی مجموعی صحت اور بہبود بہتر بنا سکتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔