عمران خان سےملاقات کیلئے تاحال کوئی پی ٹی آئی رہنما اڈیالہ نہیں پہنچا

راولپنڈی(اُمت نیوز) عمران خان سے ملاقات کے لیے بیرسٹر گوہر سمیت کوئی بھی پی ٹی آئی رہنما تاحال اڈیالہ جیل نہیں پہنچا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی وفد کو آج صبح 8 بجے بانی سے ملاقات کا وقت دیا گیا تھا۔ تاہم اب تک چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سمیت کوئی بھی رہنما اڈیالہ جیل نہیں پہنچا۔

جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ملاقات کے حوالے سے صبح 6 بجے ہی آگاہ کیا جاچکا ہے۔

ادھر تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے بیان میں کہا کہ اڈیالہ حکام سلمان اکرم راجہ کو سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت نہیں دے رہے۔ صرف بیرسٹر گوہر، علی ظفر اور اسد قیصر ملاقات کے لئے کلیئر ہوئے۔

شیخ وقاص اکرم نے بتایا کہ بیرسٹر گوہر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس وقت تک نہیں جائیں گے جب تک ہماری طرف سے دیے گئے تمام نام کلیئر نہیں ہو جاتے، اس وقت وہ جیل کے باہر کھڑے ہیں اور صاحبزادہ حامد رضا بھی ان کے ہمراہ ہیں۔