اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا ہے کہ وفاق کے ساتھ ساتھ صوبوں میں بھی آئینی بینچز بنائے جائیں گے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پارلیمان کی بالادستی کے حوالے سے تاریخی دن ہے، آئینی ترامیم پر طویل مشاورت جاری رہی، جس میں کسی سیاسی جماعت کو باہر نہیں رکھا گیا، کسی قسم کی عجلت کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔
انھوں نے بتایاجوڈیشل کمیشن کے حوالے سے اس میں شقیں شامل ہیں،نئی چیز جو شامل کی وہ پرفارمنس ای ویلیو ایشن ہے،ان کاکہناتھا کہ یکم جنوری 2028سے سود ی نظام کا خاتمہ ہو جائے گا،سپریم کورٹ نے بھی سود کے خاتمے سے متعلق آبزرویشن دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم 26 نکات پر مشتمل ہے، یہ متفقہ مسودہ ہے جس میں جے یو آئی نے پانچ ترامیم تجویز کی ہیں، کابینہ نے جے یو آئی کی ترامیم کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا، وفاق اور صوبوں میں بھی آئینی بینچز بنائے جائیں گے، صوبائی اسمبلی کے پاس اپنی ہائی کورٹس میں آئینی بینچز بنانے کا اختیار ہوگا، آئینی ججز کی نامزدگی چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کرے گا۔
وزیر قانون نے بتایا کہ چیف جسٹس پاکستان کی تقرری اس پیکج کا حصہ ہے اور ان کی مدت تین سال مقرر کی گئی ہے جبکہ ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال ہوگی، 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی دو تہائی اکثریت سے چیف جسٹس کا نام تجویزکرے گی، ججز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، جس کی بنیاد پر انہیں ترقی دی جائے گی۔