اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے آج کمال کی تقریر کی، تاریخی حوالے دے کر تقریر کی اور مولانا صاحب نے بھی کمال کی تقریر کی، داد کے مستحق ہیں۔
ایک بیان میں شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر کی تقریر کی تعریف کیے بغیر بھی نہیں رہ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے 9 ممبرانِ اسمبلی کو آج لایا گیا تھا، 5 اراکین کو پیش کیا گیا اور 4 کو ریزرو میں رکھا گیا تھا، کچھ اور لوگ بھی ان کے ساتھ ریزرو میں ملے ہوئے تھے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ یہ اخراجات آصف زرداری صاحب نے کیے تھے، ایک ارب کے لگ بھگ ریٹ لگا ہے، لوگوں کے ضمیر خریدے گئے، انہوں نے ہر ایم این اے سے رابطہ کیا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ بتاتے ہوئے دکھ ہو رہا ہے، ضمیر فروش بانی کے نام پر ووٹ لے کر آج ان کے ساتھ بیٹھے تھے، ہم نے ان کی تصاویر لینے کی کوشش کی تو انہوں چہرے چھپا لیے۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو بتا دوں، ان لوگوں نے ہمیں ماموں بنایا ہے، پہلے خبر ڈالتے تھے کہ فلاں کا بچہ اٹھا لیا، یہ ساری ملی بھگت ہوتی تھی، کوئی اٹھانا نہیں تھا، صرف پیسوں کے لیے بکے ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما نے کہا ہے کہ انہوں نے اٹھائے جانے کا جواز بنایا ہے، ہم سب بطور آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، بانی کے نام پر مبارک زیب نے ووٹ لیا، پورے باجوڑ کا سر جھکایا، کسی کو کسی نے روکا نہیں تھا، وہ ہمارے ساتھ رابطہ ہی نہیں کر رہے تھے۔
شیر افضل مروت کا مزید کہنا ہے کہ زین قریشی کی اہلیہ کو اٹھایا گیا تو 5 منٹ کے اندر بہن نے ٹویٹ کر دیا، اس کا 4 دن تک پتہ نہیں چلا، تمام ایک طرف، زین قریشی کی بات ہم سب کو پریشان کر رہی ہے، شواہد زین قریشی کے خلاف جا رہے ہیں، جو منحرف ہوئے وہ قانون کے مطابق ڈی سیٹ ہو جائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا ہے کہ انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا، بولی لگانے کی کوشش کی، ایک ارب روپے سب کو آفر کیے ہیں۔