صرف جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے،مریم اورنگزیب

لاہور (اُمت نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کاکہنا ہے کہ صرف جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب نے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ سڑک پر خوار ہوتے لاڈلے کو بلا کر اور کوڑے کے ڈھیر سے اٹھا کر کسی Frivolous درخواست کی بنیاد پر منتخب وزیراعظم کو گھر بھجوانے اور ملک کی ترقی کو روکنے کی غیر آئینی روایت کا دروازہ بند ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم شہید بے نظیر بھٹو اور قائد جناب محمد نواز شریف کے تاریخی وژن کی سچائی اور کامیابی کی ایک اور دلیل ہے جو 58 دو بی کی طرح "نظریہ ضرورت” اور "نظریہ سہولت” کے تحت عدلیہ کے ذریعے جمہوریت پر شب خون مارنے کی سازشوں کو روکے گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 63 اے جیسی تشریح سے لاڈلوں کو لانے کی غیر آئینی افسوسناک روایتوں کا خاتمہ ہوگا، عدلیہ میں میرٹ، قابلیت اور شفاف احتساب کی روایت کا آغاز ہوگا جبکہ عوام کو برسوں انصاف کے انتظار کی اذیت سے نجات ملے گی۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ جمہوری وسیاسی قوتوں نے اپنے اتحاد اور مشاورت سے آئین اور پارلیمان کی بالادستی کو ایک نئی مضبوطی اور قوت دی ہے جس پر تمام قائدین، جماعتیں اور ووٹ دینے والے ارکان مبارکباد کے مستحق ہیں۔