اسلام آباد(اُمت نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے بیگم نصرت بھٹو کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی میں بیگم نصرت بھٹو کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 13 ویں برسی کے موقع پر پیغام میں کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے آمر کیخلاف عوام کے حقوق اور جمہوریت کے بحالی کیلئے طویل جدوجہد کی ، انہوں نے مُشکل دور میں پاکستان پیپلز پارٹی کو قیادت فراہم کی، بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت کیلئے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت کاکہنا تھا کہ بیگم نصرت بھٹو نے آمرانہ حکومت کے ظلم و جبر کا ہمت اور بہادری سے مقابلہ کیا ، وہ مادر جمہوریت اور عزم اور حوصلے کی علامت ہیں ، وہ سیاسی بصیرت کی حامل اور مدبر رہنما تھیں اور انہوں نے خواتین کی خود مختاری اور سیاست میں اُنکی شمولیت میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ہمیں بیگم نصرت بھٹو کے نظریے کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے، بیگم نصرت بھٹو کی 13 ویں برسی پر اُن کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔
آصف علی زرداری کامزیدکہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے بیگم نصرت بھٹو کے مشن پر کاربند رہیں گے۔