آرمی چیف کا پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کا دورہ

راولپنڈی(اُمت نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کا دورہ کیا ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے کثیر القومی مشق انڈس شیلڈ 2024ء کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر چیف آف ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔ آرمی چیف نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے اپ گریڈیشن کے مختلف پروگرامز کے ذریعے پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مشقوں کے آپریشنز اور ٹیکنالوجیز کے ڈسپلے کا مشاہدہ کیا۔

آرمی چیف کو سیکیورٹی چیلنجوں سے ہم آہنگ رہنے کے لیے پاک فضائیہ کی کوششوں پر بریفنگ بھی دی گئی اور انہوں نے ایئر کریو سے بات بھی کی۔

جنرل سید عاصم منیر نے فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پی اے ایف اہلکاروں کے عزم کو سراہا اور انٹر سروسز تعاون کے اہم کردار پر زور دیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ یہ تعاون آپریشنل کامیابی کے حصول کے لیے ضروری ہے۔

علاوہ ازیں ایئر چیف نے کہا کہ آرمی چیف کا دورہ تربیت اور آپریشنل کے شعبے میں فوج اور فضائیہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے عزم کو تقویت دیتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ نے آرمی چیف کے دورے پر شکریہ ادا کیا۔