ترکیہ کی عراق اور شام میں کرد عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری

ترکیہ(اُمت نیوز)دفاعی کمپنی کے ہیڈکوارٹر پر حملے کے ردعمل میں ترکیہ نے عراق اور شام میں کرد عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس میں 30 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں ترکیہ کے دفاعی کمپنی کے ہیڈکوارٹر پر حملے میں کردستان ورکرز پارٹی کے اراکین ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ترک وزارت داخلہ کا کہنا ہےکہ انقرہ حملے میں ملوث دہشتگردوں کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔

دوسری جانب سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح مرد اور خاتون ترکیہ کی ایئروسپیس انڈسٹریز کے ہیڈکوارٹر میں مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے داخل ہوئے اور فائرنگ کردی، عمارت سے دھماکے کی آواز بھی سنائی دی گئی تھی۔

دعویٰ کیا گیا تھا کہ مسلح افراد کے داخل ہونے سے پہلے عمارت کے دروازے پر خودکش حملہ کیا گیا تھا۔

ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یارلیکایا کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایک خاتون اور مرد کو ماردیا گیا ہے۔ دہشتگردوں کے حملے میں پانچ افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوئے تھے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ ایسے وقت کیا گیا جب سیکیورٹی اہلکاروں کی ڈیوٹی تبدیل ہوئی تھی، حملہ آور ٹیکسی میں سوار ہوکر آئے تھے۔