راولپنڈی: تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا،بشریٰ بی بی کی رہائی گیٹ نمبر 5سے کی گئی ۔
رہائی کا عمل سپرنٹنڈنٹ جیل کے کمرے میں مکمل کیا گیا، بشریٰ بی بی سخت سکیورٹی حصار میں جیل سے روانہ ہو گئیں،پارٹی کارکنوں کی جانب سے بشریٰ بی بی کی گاڑی پر گل پاشی کی گئی۔
توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کے معاملے پر وکلا خالد یوسف اور رائے سلمان امجد عدالت میں پیش ہوئے، وکلا، ضامن اور گواہان سپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں پیش ہوئے،بشریٰ بی بی کے ضمانتی مچلکے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں جمع کرائے گئے، بشریٰ بی بی کاضمانتی مچلکہ ملک طارق محمود نون نے دیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کر دی گئی،جج شاہ رخ ارجمند نے بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار پر دستخط کردیئے۔عدالتی عملہ روبکار لے کراڈیالہ جیل پہنچا، رہائی کی روبکار ملنے کے بعد جیل انتطامیہ نے بشریٰ بی بی کو رہا کردیا۔
بشریٰ بی بی رہائی کے بعد کہاں قیام کریں گی؟ وکیل خالد یوسف کا اہم بیان
بشریٰ بی بی کے وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا ہے کہ امید ہے بشریٰ بی بی کو آج رہا کردیا جائے گا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد یوسف چودھری نے کہاکہ بشریٰ بی بی رہائی کے بعد بنی گالہ جائیں گی،ان کاکہناتھا کہ بشریٰ بی بی کی تمام مقدمات میں ضمانت، کچھ میں بری ہو چکی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس مٰیں ضمانت منظور کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کو رہا کرنے کا حکم دیاتھا۔