حملے میں شہدا کی لاشوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ ڈیرہ منتقل کیا گیا، فائل فوٹو
حملے میں شہدا کی لاشوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ ڈیرہ منتقل کیا گیا، فائل فوٹو

ڈی آئی خان؛ فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، 10 اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے میں 10 اہل کار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز کا قافلہ ڈی آئی خان سے تھانہ درازندہ کی حدود میں امن میلہ کے قریب زام چیک پوسٹ کی طرف جارہا تھا  کہ اچانک فتنۃ الخوارج کے مسلح دہشت گردوں نے بھاری اور جدید ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔
واقعے کے بعد جائے وقوع پر سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری روانہ کردی گئی  جب کہ حملے میں شہدا کی لاشوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ ڈیرہ منتقل کیا گیا۔
دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونےو الوں میں نائب صوبیدار محمد جان ، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمن، سپاہی اخون زادہ، سپاہی حضرت اللہ، سپاہی مشتاق، سپاہی عبد الصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر مہتاب شامل ہیں  جب کہ  زخمیوں میں نائیک حمزہ نور، سپاہی حسن، سپاہی صابر ایوب شامل ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے حملے میں 10 ایف سی کے جوانوں کی شہادت پر اظہارِافسوس کرتے ہوئےانہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور شہید جوانوں کے جذبہ حب الوطنی اور بہادری کو سراہا۔ انہوں نے شہید جوانوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت  کرتے ہوئے بلندی درجات اور صبر کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع بنوں میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے درازندہ میں خوارجی دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں  کو خراج عقیدت  پیش کیا۔