فائل فوٹو
فائل فوٹو

5آئی پی پیز سے معاہدے ختم، مزید 8 سے ختم کریں گے، عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 5 آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہو گئے مزید 8 بارے جلد قوم کو خوشخبری سنائیں گے۔

قومی اسمبلی میں توجہ دلاو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر نیپرا نے گزشتہ روز ملک بھر میں 86 پیسے فی یونٹ کمی کی ہے، وزیراعظم کی بجلی کی قیمتوں میں کمی پر بھرپور توجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ایک سے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لئے 50 ارب روپے کی سبسڈی دی، پنجاب حکومت نے 201 سے 500 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 45 ارب روپے کی سبسڈی دی، ہر سال وفاقی حکومت 300 یونٹ تک 276 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرتی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو 174 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، لائف لائن اور نان لائف لائن کنزیومرز کو سالانہ بنیادوں پر سبسڈی فراہم کی جاتی ہے، اس سال صارفین کو زیادہ سبسڈی دی گئی، پانچ آئی پی پیز کو بند کیا گیا ہے، اس اقدام سے معیشت کو اربوں روپے کا فائدہ ہوگا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بجلی کے معاملے پر حکومت کی بھرپور توجہ ہے، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس سمیت فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ بھی کی جاتی ہے، پانچ آئی پی پیز کواس لیے بند کیا گیا ہے کہ کیپسٹی پیمنٹس میں کمی ہو، جولائی سے ستمبر تک سبسڈی دینے، فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ اور پانچ آئی پی پیزکے بند ہونے سے بجلی کے بلوں پر بہت فرق پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کو سبسڈیز دیں، سالانہ سبسڈی 300 یونٹ تک کے صارفین کو دی جاتی ہے، 8 مزید آئی پی پیز کے حوالے سے قوم کو جلد خوشخبری دی جائے گی، ان کے ریٹس کم کیے گئے ہیں، کئی سو ارب روپے کی بچت ہوگی۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ سردیوں میں بجلی کے بل کم آتے ہیں، اگلی گرمیوں کے موسم سے پہلے بجلی کی قیمتیں مزید کم ہوں گی۔