لکی مروت،خوارج کا نماز مغرب کے دوران مسجد پر حملہ،کیڈٹ عارف شہید

خیبرپختونخوا(اُمت نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خوارج نے مغرب کی نماز کے دوران مسجد پر حملہ کردیا،

حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے کیڈٹ عارف اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، اس دوران انہوں نے کئی نمازیوں کی جانیں بھی بچائیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع لکی مروت میں 25 اکتوبر کو خوارج نے نماز مغرب کے دوران ایک مسجد پر حملہ کیا،

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں زیر تربیت اور اپنے آبائی شہر میں چھٹی پر آئے ہوئے کیڈٹ عارف اللہ بھی اسی مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے موجود تھے۔

خوارج نے جیسے ہی فائرنگ شروع کی تو 19 سالہ کیڈٹ عارف اللہ نے فوراً جواب دیا اور خوارج کا بہادری سے مقابلہ کیا

تاہم اس دوران کیڈٹ عارف اللہ کئی بے گناہ نمازیوں کی جانیں بچاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔

ترجمان کے مطابق مسجد میں نماز کی حالت میں نمازیوں پر حملہ کرنے کا ایسا گھناؤنا اور بزدلانہ فعل ان خوارج کے عزائم کی عکاسی کرتا ہے

ایک نوجوان کیڈٹ کا یہ عمل دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے جذبہ قربانی اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے اور یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔