حج درخواستوں کی وصولی کیلئے مجاز بینکوں کے انتخاب کا پہلا مرحلہ مکمل

اسلام آباد(اُمت نیوز) حج درخواستوں کی وصولی کیلئے مجاز بینکوں کے انتخاب کا پہلا مرحلہ آج مکمل ہو گیا۔ وزارتِ مذہبی امور کی ٹینڈر کمیٹی نے پندرہ کمرشل بینکوں کی جانب سے جمع کرائے گئے ٹینڈر کھول دیے ۔ موصول شدہ تکنیکی اور مالی تجاویز کی پیپرا رولز کے مطابق جانچ پڑتال کے بعد حج 2025 کیلئے درخواستوں کی وصولی کے مجاز بینکوں کا حتمی انتخاب نومبر کے پہلے ہفتہ تک متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت ہذا میں حج 2025 کی درخواستوں کی وصولی کیلئے بینکوں کیلئے نوٹس برائے تجاویز کے جواب میں ٹینڈر اوپننگ اجلاس آج جمعہ کے روز جوائنٹ سیکرٹری حج سجاد حیدر یلدرم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ دیگر اراکین ٹینڈر کمیٹی میں وزارتِ مذہبی امور کے جوائنٹ سیکرٹری انتظامیہ اسد اللہ فیض، چیف فنانس اینڈ اکاونٹس افسر ذوالفقار خان، ڈپٹی سیکرٹری حج آپریشن ناصر عزیز خان، ڈپٹی ڈائریکٹر حج آئی ٹی سیل حکیم خان خٹک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی جمیل الرحمن سیکرٹری کمیٹی اکاونٹس افسر حجاج بہبود فنڈ محمد حفیظ کھوکھر شامل ہوئے۔تمام پندرہ ٹینڈرز کو بینکوں کے نمائندگان کی موجودگی میں کھولا گیا اور تجاویز کے چیدہ نکات کو پڑھ کر سنایا گیا۔ چیئرمین ٹینڈر کمیٹی سجاد حیدر یلدرم نے اجلاس کے دوران امید ظاہر کی کہ بینکوں کے انتخاب کے شفاف عمل سے نہ صرف کمرشل بینکوں کے درمیان صحت مند مقابلے کے فضاء قائم ہو گی بلکہ عازمینِ حج کو بھی مزید بہتر سہولیات کی جا سکیں گی۔