راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دیکر سیریز جیت لی

 

راولپنڈی (اُمت نیوز) پاکستان نے انگلینڈ کو پنڈی ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کر لی۔

راولپنڈی ٹیسٹ میچ کا فیصلہ تیسرے دن کے پہلے سیشن میں ہوگیا، پاکستان نے انگلینڈ کو 9 وکٹ سے ہرا کر 3 میچز کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔

ایک مرتبہ پھر انگلش بیٹرز پاکستانی اسپنرز کے آگے بے بس، پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے صرف 36 رنز کا ہدف ملا ہے۔

گزشتہ روز انگلینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنا لیے تھے جس کے بعد آج پاکستان کو کھیل کا آغاز ہونے کے کچھ ہی دیر بعد کامیابی مل گئی۔

انگلینڈ کی چوتھی وکٹ 66 رنز پر گری، ہیری بروک کو نعمان علی نے 26 رنز پر آؤٹ کیا۔

کچھ ہی دیر بعد انگلینڈ کی پانچویں وکٹ 70 رنز پر گر گئی، بین اسٹوکس کو بھی نعمان علی نے 3 رنز پر آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کی چھٹی وکٹ 75 رنز پر گری، جیمی اسمتھ کو ساجد خان نے 3 رنز پر بولڈ کیا۔

انگلینڈ کی ساتویں وکٹ 85 رنز پر نعمان علی نے حاصل کی، انہوں نے جو روٹ کو 33 رنز پر آؤٹ کیا۔

انگلش ٹیم کی آٹھویں وکٹ 97 اور نویں وکٹ 106 رنز پر گریں، دونوں وکٹیں ساجد خان نے حاصل کیں۔

انگلینڈ کی آخری وکٹ 112 رنز پر گری جو کہ نعمان علی نے حاصل کی۔

دوسری اننگز میں نعمان علی نے 6 اور ساجد خان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ نے پہلی اننگ میں 267 رنز بنائے تھے جس کے بعد پاکستان ٹیم نے 344 رنز بنائے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔