یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا پیغام

کراچی (اُمت نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیر کے تصفیہ طلب بحران کو حل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کرے۔

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیری عوام کیلئے ہماری حمایت غیر متزلزل رہی ہے اور ہمیشہ رہے گی، مقبوضہ وادی میں بنیادی حقوق و آزادی کا مطالبہ کرنے والےعوام کی آواز کو دبانے کی بھی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم شدہ کشمیریوں کا حق خودارادیت ایک انسانی حق ہے، ایک بنیادی انسانی حق کو کسی بھی ظلم و جبر سے چھینا نہیں جا سکتا، عالمی برادری کشمیر کے تصفیہ طلب بحران کو حل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں انصاف، امن اور آزادی کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، پیپلز پارٹی کیلئے کشمیر کاز ہمیشہ بنیادی اہمیت کا حامل معاملہ رہا ہے، قائد عوام شہید بھٹو کا کشمیر کیلئے بے مثال وژن آج بھی مشعل راہ ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی عالمی سطح پر کشمیر کیلئے جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی کشمیر کاز کیلئے کاوشوں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، انہوں نے اپنے پہلے دور صدارت میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا، صدر زرداری اس عظیم مقصد کو آگے بڑھانے کیلئے آج بھی پوری استقامت کے ساتھ پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے تمام پاکستانی آگے آئیں، کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف تمام پاکستانی اپنی آواز بلند کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کے فریم ورک کے عین مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے تمام پاکستانی کوششیں کریں، پیپلز پارٹی کشمیریوں کی قربانیوں کو تسلیم کرنے اور ان کی آواز کو قومی و بین الاقوامی سطح پر بلند کرنے کیلئے ہمیشہ پرعزم رہے گی۔