خوشاب(اُمت نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ایک بار پھر نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے موجودہ اسمبلی کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
مولانا فضل الرحمٰن نے خوشاب میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نئے انتخابات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو غلط طریقے سے منظم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے نے جے یو آئی (ف) کے اپوزیشن کا حصہ ہونے کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپوزیشن میں ہی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی نے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ایک اہم اسٹیک ہولڈر کی حیثیت سے حالیہ آئینی ترمیم پر بحث میں حصہ لیا تھا۔ سپریم کورٹ میں کمانڈ کی حالیہ تبدیلی پر جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں ’’بہتری‘‘ کی امید ظاہر کی تاہم انہوں نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی مدت ملازمت پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ وہ اپنی مدت پوری کر چکے ہیں اس لیے مزید تبصروں کا کوئی مقصد نہیں ہے۔