فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی ملاقات، 27 ویں آئینی ترمیم لانے کا فیصلہ

لاہور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو تاریخی قرار دیتے ہوئے 27 ویں آئینی ترمیم لانے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، ان کے ہمراہ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بھی تھے جبکہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی ماڈل ٹاؤن میں موجود تھے۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے مل کر چلیں گے، غیر جمہوری طاقتوں کا راستہ روکنے کے لیے 26ویں آئینی ترمیم کارگر ثابت ہوگی۔

اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ تمام اتحادی جماعتوں کو جاتا ہے، پہلے بھی عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہی اب پیچھے ہٹیں گے، ملکی معاشی اعشاریہ مثبت ہونے سے مہنگائی میں واضح کمی ہوتی نظر آ رہی ہے۔