اسلام آباد(اُمت نیوز)پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یکم نومبر سے اگلے پندرہ روز کے لیے 2 سے 3 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے،جس کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں نرخوں کا معمولی نیچے آنا ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں گزشتہ 15 دنوں کے درمیان پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اوسط قیمتیں بالترتیب تقریباً 1.5 ڈالر اور 2.5 ڈالر فی بیرل کم ہوئی ہیں، موجودہ ٹیکس ریٹس اور شرح تبادلہ کے حساب سے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں بالترتیب 3 روپے اور 2 روپے 30 پیسے فی لیٹر کی کمی ہوسکتی ہے۔
حکام کاکہناہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی اوسط فی بیرل قیمت 77.5 ڈالر کے مقابلے میں 76 ڈالر پر آگئی ہے، اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فی بیرل نرخ 86.5 ڈالر سے کم ہو کر 84 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
موجودہ 15 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر امپورٹ پریمیم 8.7 ڈالر اور 5 ڈالر فی بیرل پر مستحکم رہا ہے۔ اس وقت پیٹرول کی ایکس ڈپو فی لیٹر قیمت 247 روپے 3 پیسے اور ڈیزل کے ایکس ڈپو نرخ 251 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہیں۔