فل کورٹ اجلاس کا مقصد سپریم کورٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا، فائل فوٹو
فل کورٹ اجلاس کا مقصد سپریم کورٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا، فائل فوٹو

چیف جسٹس کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس ،اعلامیہ جاری

اسلام آباد: نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کے بعد سپریم کورٹ میں پہلے فل کورٹ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت فل کورٹ اجلاس اختتام کو پہنچ گیا، اجلاس میں سپریم کورٹ کے تمام دستیاب ججز نے شرکت کی جبکہ جسٹس منصور علی شاہ بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت پہلے فل کورٹ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا۔

سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں بتایا گیا فل کورٹ اجلاس میں سپریم کورٹ میں کیسز کی صورتحال کا احاطہ اور کیسز کو نمٹانے اور بیک لاگ کو کم کرنے پرغورکیا گیا۔

اعلامیہ میں اس بات پر زوردیا گیا کہ فل کورٹ اجلاس کا مقصد سپریم کورٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینا، زیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانا اور عدالتی کارکردگی کو بہتر بنانا تھا۔

اجلاس میں زیر التوا مقدمات اور اندراج ہونے والے مقدمات کا جائزہ لیا گیا اور رجسٹرار سپریم کورٹ نے زیر التوا مقدمات کے اعدادوشمار پیش کیے، 59 ہزار 191 مقدمات سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے اضافی تجاویز پیش کرتے ہوئے زیر التوا کیسز کو ابتدائی طور پر کم کرنے کا پلان دیا اور کیسز کے جلد نمٹانے کے لیے مرحلہ وار منصوبہ پیش کیا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے تجویز دی کہ ابتدائی طور پر ایک ماہ، پھر تین ماہ اور پھر چھ ماہ کیسز کو جلد نمٹانے کو فوکس کیا جائے۔  دوسرا فل کورٹ اجلاس 2 دسمبر کو ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔