برازیل (اُمت نیوز)برازیل کے شہر کیوریٹیبا میں مقامی فٹبال کلب کروزر اور ایتھلیٹیکو کے میچ کے بعد تماشائیوں میں خوفناک تصادم ہوگیا۔
اس میچ میں ایتھلیٹیکو نے کروزرکو 3-0 سے شکست دی تھی، جیت کی خوشی میں ایتھلیٹیکو کے فین آپے سے باہر ہوگئے اور انہوں نے ہارنے والی ٹیم کے حامیوں پر حملہ کردیا۔
فیڈرل ہائی وے پولیس کے مطابق شائقین کے درمیان تصادم صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ہوا۔ دونوں پرستار گروپوں کے درمیان اس سے قبل ستمبر 2022 میں بھی جھڑپ ہوچکی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق لوہے کی سلاخوں سے سر پر وار کرنے کے بعد ایک شخص کو زندہ جلا دیا گیا اور کئی دیگر حامی زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کروزر کے حامیوں پر ان کی حریف ٹیم کے مداحوں نے حملہ کیا اور انکی بس پر آتش گیر مادہ پھینکا جس سے آگ بھڑک اٹھی، بموں کا بھی استعمال کیا گیا۔
واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر دل دہلادینے والی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور کروزرکے زخمی مداحوں کے پاس پہنچنے کے دوران ویڈیو بنا رہے تھے۔