کوٹری اسٹیشن پر سکھر ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

کوٹری اسٹیشن پر سکھر ایکسپریس کی 2 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، جس کے باعث کوٹری سے کراچی جانے والا ڈاؤن ٹریک معطل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر جامشورو میں سکھر ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا، جہاں کوٹری ریلوے اسٹیشن پر سکھر ایکسپریس کی 2 بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، حادثے کے بعد کوٹری سے کراچی جانے والا ڈاؤن ٹریک معطل ہوگیا۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے اقدامات کررہے ہیں، ریلوے حکام نے مرمتی کام کرتے ہوئے متاثرہ بوگیوں کو ٹرین سے کاٹ کر ٹرین کو کراچی کے لیے روانہ کردیا۔

ریلوے حکام ڈاؤن ٹریک کی بحالی کے کام میں مصروف ہیں لیکن 2 گھنٹے گزرنے کے باوجود ڈاؤن ٹریک بحال نہ ہوسکا، کراچی جانے والی مسافر ٹرینوں کو اپ ٹریک کے ذریعے روانہ کیا جارہا ہے۔

ریلوے حکام نے مزید بتایا کہ ڈاؤن ٹریک کی بحالی میں مزید ایک گھنٹہ درکار ہے، مسافر ٹرین کی متاثرہ بوگیوں کو ڈاؤن ٹریک سے ہٹانے کے لیے مشینری طلب کرلی ہے، حادثے کے سبب ایک بوگی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ضلع نوشہرو فیروز کے علاقے پڈعیدن کے قریب مال گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 13 بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔

جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی، دیگرمسافر ٹرینوں کومتعدد اسٹیشنز پر روک لیا گیا تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔