فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیو ٹیم پر فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید، 3 حملہ آور ہلاک

پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے جبکہ جوابی فائرنگ سے 3 دہشت گرد مارے گئے۔

ڈی ایس پی محمد رحیم کے مطابق پولیس اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کیا جس کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، تینوں دہشت گرد پولیو ٹیم پر حملے اور پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث تھے۔

پولیس نے بتایا کہ صبح کے وقت پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بعد ازاں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار نے بھی دم توڑ دیا، جس کے بعد جاں بحق اہلکاروں کی تعداد 2 ہو گئی۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر(ڈی پی او) نذیر خان نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں نے دلیری سے مقابلہ کیا اور پولیس کی فائرنگ سے 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اورکزئی میں انسدادِ پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسدادِ پولیو ٹیم پر حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے شہید پولیس اہلکاروں کی بہادری، جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔