میں نے خود فیلڈ میں جا کر بھٹے گرائے، مریم اورنگزیب

لاہور(اُمت نیوز)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دفتروں میں بیٹھ کر احکامات نہیں دے رہے میں نے خود فیلڈ میں جا کر بھٹے گرائے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے مارچ سے ہی اسموگ سے متعلق اقدامات شروع کیے تھے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمام سیکٹرز کو اسموگ کی روک تھام سے متعلق روڈ میپ دیا گیا، اس سے پہلے حکومتی سطح پر اسموگ سے متعلق اتنا کام ہی نہیں ہوا تھا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ اسموگ کی روک تھام طویل عمل ہے، وزیراعلیٰ کا ویژن ہے کہ لاہور میں تمام گاڑیاں الیکٹرک میں تبدیل کریں۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ لاہور میں 200 سے 250 الیکٹرک بسیں چاہئیں۔