عمران بھی جلد جیل سے رہا ہو جائیں گے،علی امین گنڈا پور کا دعویٰ

 

خیبر پختونخوا (اُمت نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان بھی جلد جیل سے باہر آجائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے بشریٰ بی بی کی رہائی میں اپنے کردار کی تصدیق کی نہ تردید، جب ان سے ان کے ممکنہ کردار کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے سیدھا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ بشریٰ بی بی کو عدالت کے حکم پر رہا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں جعلی مقدمات میں جیل بھیجا گیا تھا، بشریٰ بی بی جیل سے باہر ہیں کیونکہ عدالت نے ان کی ضمانت منظور کی، انہوں نے اصرار کیا کہ جلد عمران خان کو بھی جیل سے رہا کر دیا جائے گا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا بشریٰ بی بی کی رہائی میں کوئی یقین دہانی شامل ہے، تو گنڈا پور نے کہا کہ ہم ڈیل پر یقین نہیں رکھتے اور کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔

ان سے پوچھا گیا کہ انہیں کیوں یقین ہے کہ عمران خان بھی جلد جیل سے رہا ہو جائیں گے تو انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ عمران خان کیخلاف مقدمات بھی جعلی ہیں۔

اس سوال پر کہ کیا پی ٹی آئی فوج بحیثیت ادارہ اور آرمی چیف پر تنقید کی اپنی پالیسی جاری رکھے گے تو انہوں نے کہا کہ ہم ادارے کیخلاف ہیں اور نہ کسی فرد کے، ہم ان کی پالیسیوں کیخلاف ہیں اور چاہتے ہیں کہ اِنہیں (پالیسیوں کو) درست کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اپنے حقوق کیلئے جدوجہد نہ صرف پرامن بلکہ قانون اور آئین کے دائرے میں بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 8؍ فروری کے انتخابات اور 9؍ مئی کے واقعات کی تحقیقات چاہتی ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے ذرائع کے حوالے سے خبر شائع کی تھی کہ گنڈا پور نے اپنی پارٹی کے رہنماؤں کو بتایا ہے کہ بشریٰ بی بی کی حالیہ جیل سے رہائی میں انہوں نے کردار ادا کیا تھا۔