بنوں، سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 8خوارج ہلاک، 3جوان شہید

بنوں(اُمت نیوز)بنوں کے علاقے بکا خیل میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 8خوارج ہلاک اور 7زخمی ہو گئے، آپریشن میں میجر عاطف خلیل سمیت مادر وطن کے 3 سپوت شہید ہو گئَے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بنوں کے علاقے بکا خیل میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا،آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی سے 8خوارج ہلاک اور 7زخمی ہو گئے،آئی ایس پی آرکے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا افسر اور 2جوان شہید ہو گئے،شہدا میں 31سالہ میجر عاطف، 36سالہ نائیک آزاداللہ اور 35سالہ لانس نائیک غضنفر شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر عاطف خلیل کا تعلق آزادکشمیر سے تھا،میجرعاطف شہید کے سوگواران میں والدین، بہن بھائی، اہلیہ اور ایک بیٹی شامل ہیں،نائیک آزاداللہ شہید کی عمر36سال اور تعلق ضلع کرک سے ہے،نائیک آزاداللہ شہید نے 15سال پاک فوج میں وطن عزیز کادفاع کیا،نائیک آزاداللہ شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 2بیٹے اور بیٹی شامل ہیں،35سالہ لانس نائیک غضنفر عباس شہید کا تعلق ضلع لیہ سے ہے،نائیک غضنفر عباس شہید نے 14سال تک وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا، نائیک غضنفر عباس شہید کے سوگواران میں اہلیہ، بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید خوارجی کی موجودگی پر کلیئر نس آپریشن جاری ہے،آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔