اسرائیل حزب اللّٰہ سے جنگ بندی پر تیار

غزہ(اُمت نیوز)لبنان میں اسرائیلی فوج کو بڑے جانی نقصان کے بعد اسرائیل حزب اللّٰہ سے جنگ بندی پر تیار ہوگیا، اسرائیلی سرکاری میڈیا نے جنگ بندی تجویز کا مسودہ نشر کردیا۔

مسودے میں اسرائیل اور لبنان سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق 60 روزہ جنگ بندی کے دوران مکمل عمل درآمد کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اسرائیل جنگ بندی کے 7 دن کے اندر لبنان سے اپنی افواج واپس بلالے گا، اسرائیلی افواج کے انخلا کے وقت لبنانی افواج کی تعیناتی شروع ہوجائے گی۔

نگران لبنانی وزیراعظم نجیب مکاتی نے امید ظاہر کی ہے کہ چند گھنٹے میں جنگ بندی ہوجائے گی۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اسرائیل لبنان جنگ بندی سے متعلق رپورٹس اور مسودے زیر گردش ہیں مگر یہ مذاکرات کی عکاسی نہیں کرتے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل بھاری جانی نقصان کے سبب حزب اللّٰہ کو دریائے لطانی سے دور دھکیلنے سے دستبردار ہورہا ہے۔

فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ رواں ماہ لبنان اور غزہ میں حماس اور حزب اللّٰہ کے ہاتھوں 62 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔