بچوں کے روشن مستقبل کیلئے ہرسطح پرحوصلہ افزائی کی جائے گی،سلمان چوہدری

اسلام آباد ،انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلمان چوہدری نے کہا ہے کہ موٹروے پولیس کے افسران وملازمان کے بچوں کی کامیابی اور غیر معمولی کارکردگی میں والدین اور اساتذہ کی بہترین تربیت اور محنت کارفرما ہے۔ بچوں کے روشن مستقبل کیلئے ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ملک کے نامور تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدے کئے گئے ہیں اس کے ساتھ ساتھ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے موٹروے پولیس ملازمین کے بچوں کوبہترین اداروں میں داخلے کیلئے وظیفہ بھی دیا جا تا ہے تاکہ بچے ملک کے نامور تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس میں موٹروے پولیس کے اسسٹنٹ محمد ندیم حیدر کے بیٹے محمد زعیم حیدر کو پاکستان ائیر فورس میں بطور جی ڈی پائلٹ کمیشن اور ویلز برطانیہ میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی کیمبر ین پیٹرول مقابلے میں سونے کا تمغہ حاصل کرنیوالے موٹروے پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل نوید اقبال کے بیٹے جنید اقبال جو پاکستان آرمی میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں کو ان شاندار کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منعقد ہ تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تقریب موٹروے پولیس کے افسران و ملازمین کے اُن بچوں کے اعزاز میں منعقد کی گئی جنہوں نے زندگی کے عملی میدان میں پیشہ وارنہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے والدین اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں رو شن کیا ہے۔ آئی جی سلمان چوہدری نے تقریب میں مختلف ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے موٹروے پولیس ملازمان کے بچوں کو انعامات سے نوازنے کے ساتھ ساتھ اُن کے والدین میں بھی تحائف تقسیم کئے اور ان کی بھر پور حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر آئی جی موٹروے پولیس نے مزید کہا کہ بچوں کی کامیابی میں ان کے اساتذہ کے ساتھ ساتھ والدین کی تربیت اور محنت کا بھی اہم کردار ہے اورہمارے افسران و ملازمان مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے مشکل حالات  سے نبرد آزما ہو کر اپنے بچوں کی تعلیمی صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔