فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکومت کا قاضی فائز پر حملہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے لندن میں پاکستانی ہائی کمشن کی گاڑی کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر لندن میں ہونے والے حملے کی تحقیقات کر رہے ہیں، گاڑی حملے پر قانونی کارروائی ہوگی۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر ہونے والے حملے کے حوالے سے تشویش ہے، پاکستانی ہائی کمشن کی گاڑی کو نشانہ بنانے پر قانونی کارروائی کریں گے، اس حوالے سے وزیر داخلہ نے تفصیلی بیان بھی دے دیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ تمام سابق چیف جسٹس کو دورے کے دوران سفارتخانے کی جانب سے سہولیات مہیا کی جاتی ہیں، پاکستانی سفارتخانہ اس حوالے سے کام کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں چیف جسٹس (ر) قاضی فائزعیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ حملہ آوروں کی شہریت منسوخ کرنے کے لیے فوری کارروائی کی جائے گی۔