مضبوط جمہوری معاشرے کیلئے آزاد صحافت کا ہونا نہایت ضروری ہے،مریم نواز

لاہور(اُمت نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حق اور سچ کی آواز اٹھانے والےصحافیوں پر ظلم و تشدد بند ہونا چاہیے۔

صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کاکہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ، فلسطین سمیت ہر ملک میں صحافیوں پر تشدد قابل مذمت ہے ، احساس ذمہ داری کے ساتھ آزادی صحافت جمہوریت کی اساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط جمہوری معاشرے کیلئے آزاد صحافت کا ہونا نہایت ضروری ہے، صحافی معاشرتی انصاف کے محافظ اور عوام کی آواز ہیں ، ظلم، ناانصافی اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے والے صحافی قابل تحسین ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ آزادی صحافت کے تحفظ کی ضامن وداعی ہوں، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدام حکومت کا فرض ہے، بے گھر صحافیوں کے لئے اپنی چھت کا خواب پورا کرنے کے لئے پرعزم ہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ سچ اور حق کی راہ پر چلنے والے ذمہ دار اور باوقار صحافیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔