خیبر پختونخوا اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے والاپہلا صوبہ ہوگا،بیرسٹر سیف

پشاور(اُمت نیوز)مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے والا پہلا صوبہ ہو گا، جس سے سستی بجلی فراہمی کی جائے گی۔

پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے یہ بات کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں کے پی ایک بار پھر دیگر صوبوں پر سبقت لے گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت نے نجی کمپنی سے باضابطہ معاہدہ کر لیا ہے، ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے صنعتوں کو انتہائی سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔

مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے یہ بھی کہا ہے کہ صوبے میں توانائی اور صنعتی شعبے میں انقلاب آئے گا، منصوبے سے صوبے کو سالانہ 7 ارب روپے آمدن ہو گی۔