وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد (اُمت نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس دوپہر اڑھائی بجے ہونا تھا جس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے، اجلاس اب شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس کے لئے 16 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حج پالیسی 2025 کی منظوری دی جائے گی، وزارت داخلہ اسلام آباد سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی سمری پیش کرے گی، چیئرمین این آئی آر سی کی تقرری کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

جموں وکشمیر سٹیٹ پراپرٹی بجٹ 25-2024 کی منظوری دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق حج پالیسی کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری نہیں لی جا سکی تھی، وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی منظوری کیلئے دوبارہ وفاقی کابینہ کو بھجوائی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری حج پیکیج 10 لاکھ 65 ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار کے درمیان رکھنے کی تجویز ہے، حج کوٹہ کے مطابق پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔