فوٹو آئی ایس پی آر
فوٹو آئی ایس پی آر

فلسطینیوں اور کشمیریوں کیلیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

اسلام آباد:چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بے گناہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حالت زار اس بات کی یقین دہانی ہے کہ اب بھی عالمی برادری کو بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بین الاقوامی امن قائم رکھنے کے تربیتی مراکز کی تنظیم (IAPTC) کی 28ویں سالانہ کانفرنس پہلی بار پاکستان میں سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلٹی  نسٹ اسلام آباد میں 4 سے 8 نومبر تک منعقد ہو رہی ہے۔

اعلامیے کے مطابق تقریب کا باقاعدہ آغازآرمی چیف نے نئی عمارت کے افتتاح کے ساتھ کیا۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے امن آپریشنز کے انڈر سیکریٹری جنرل، جین پیئر لاکروکس، اقوام متحدہ کے پولیس ایڈوائزر، ایکٹنگ ڈپٹی ملٹری ایڈوائزر، پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اور ریکٹر نسٹ بھی مہمان خصوصی کے ساتھ موجود تھے۔

آرمی چیف نے خطاب میں کہا کہ آج عالمی امن کو مسلسل بڑھتے ہوئے خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے، اقوام متحدہ اور دیگر تنظیموں کی جانب سے جاری امن کوششوں کے باوجود، بے گناہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حالت زار اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ اب بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مہمانِ خصوصی جین پیئر لاکروکس نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کی خدمات کو سراہا اور آئی اے پی ٹی سی کانفرنس کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تقریب میں پہنچنے پر چیف آف آرمی اسٹاف کا استقبال انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ، ہلال امتیاز نے کیا۔