پوری قوت سے سموگ پھیلانے والے ذرائع کو روکیں گے،مریم

لاہور(اُمت نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پوری قوت سے سموگ پھیلانے والے ذرائع کو روکیں گے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہری آئندہ تین دن بہت زیادہ احتیاط کریں، سموگ کی شدت میں اضافہ تشویشناک ہے، بزرگ، مریض اور بچے خصوصی احتیاط کریں، ماسک لازمی پہنیں، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ موسمیاتی ماہرین کی مشاورت سے مصنوعی بارش کا آپشن استعمال کریں گے، مونجی یا فصل کی باقیات جلانا اس وقت جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہو گا، پوری قوت سے سموگ پھیلانے والے ذرائع کو روکیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ماحولیاتی قوانین، ضابطوں اور کسی بھی خلاف ورزی پر شہری 1373 پر فوری شکایات کریں، گرین ایپ کا استعمال کریں۔

سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا ہے کہ سموگ کی صورتحال کے حوالے سے قائم مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم تمام ڈیٹا کا مسلسل بغور جائزہ لے رہا ہے۔