فائل فوٹو
فائل فوٹو

جوڈیشل کمیشن اجلاس،7 رکنی آئینی بینچ تشکیل، جسٹس امین الدین خان سربراہ مقرر

اسلام آباد:چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس ہوا جس میں 26 ویں ترمیم کی روشنی میں آئینی بینچوں میں ججز کی نامزدگی پر غورکے بعد 7 رکنی آئینی بینچ تشکیل دے دیا گیا۔ جسٹس امین الدین خان کو آئینی بینچز کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا،ذرائع کے مطابق اجلاس میں جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں7رکنی آئینی بینچ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں بنچ میں ہر صوبے سے دو دو جج شامل ہوں گے۔
اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں نمائندہ پاکستان بار کونسل ایڈووکیٹ اختر حسین، فاروق ایچ نائیک، شیخ آفتاب احمد،عمر ایوب  اور خاتون رکن روشن خورشید بروچہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں سپریم کورٹ میں آئینی بینچ کی تشکیل پرغور کیا گیا۔ اس کے علاوہ جوڈیشل کمیشن کے لیے سیکریٹریٹ بنانے کا معاملہ بھی زیرغورآیا۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں 7 ممبران کی اکثریت سے جسٹس امین الدین خان کو آئینی بینچز کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 7 رکنی آئینی بینچ تشکیل کا فیصلہ سات پانچ کے تناسب سے ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، منصور علی شاہ، منیب اختر، عمرایوب اور شبلی فراز نے  جسٹس امین الدین کی سربراہی میں آئینی بنچ کی مخالفت کی۔

تینوں سینئر جج آئینی بنچ میں شامل نہیں ہوں گے،جسٹس عائشہ ملک، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس جمال مندوخیل آئینی بنچ  کا حصہ ہوں گے۔

‏آئینی بینچ سربراہ جسٹس امین الدین ہوں گے، جسٹس امین الدین اور جسٹس عائشہ ملک پنجاب سے آئینی بینچ میں شامل ہوں گے۔

اس کے علاوہ جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نعیم اخترافغان بلوچستان کے آئینی بینچ کا حصہ ہیں۔

جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی سندھ سے آئینی بینچ کا حصہ ہیں۔جبکہ جسٹس مسرت ہلالی خبیرپختونخوا بینچ میں شامل ہیں۔