اسلام آباد: ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ درابن کی حدود میں ایف سی کی گاڑی پر خوارجی دہشت گردوں کی فائرنگ سے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 2 اہلکارشہید،4زخمی ہو گئے۔
ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ خوارجی دہشت گردوں کا بہادری سے لڑتے ہوئے ایف سی کے 2 سپاہی شہید جبکہ 4 زخمی ہوئے، شہید سپاہی شیر الرحمان اور شہید سپاہی سید امین نے خوارجی دہشت گردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا اور شہادت کا بلند رتبہ پایا۔
شہید سپاہی شیر الرحمن کا تعلق جنوبی وزیرستان اور شہید سپاہی سید امین کا تعلق صوابی گدون سے تھا، زخمیوں میں حوالدار امتیاز، سپاہی محب شاہ، سپاہی صاحب دین اور سپاہی فضل کریم شامل ہیں۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ایف سی کے زخمی چاروں سپاہیوں کو علاج کے لئے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔
فرنٹیئر کانسٹیبلری دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک ملانے کے لیے پُرعزم ہے، ایف سی کے سپاہیوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پختہ عزم کی عکاس ہیں۔