فوٹوالیکٹرونک میڈیا
فوٹوالیکٹرونک میڈیا

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کیلیے ماڈل ویلج کا افتتاح کر دیا

گلگلت: وزیراعظم شہباز شریف نے غذر میں سیلاب متاثرین کے لیے بوبر ماڈل ویلج کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعظم محمد ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچے، شہبازشریف نےغذر میں سیلاب متاثرین کے لیے بوبر ماڈل ولیج کا افتتاح کیا۔

گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے ببر گاؤں میں 2022 کے سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر شدہ گھروں کے افتتاح کی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر وزیراعظم نے 2022 کے سیلاب متاثرین میں گھروں کے ملکیتی کاغذات تقسیم کیے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر 62 گھروں کی تعمیر مکمل ہوئی، 110 کنال اراضی پر یہ ماڈل ویلج بنایا گیا ہے، صاف پانی اور سولر سے آراستہ ایک سٹور، ایک کچن، 2 باتھ روم اور 2 کمروں پر مشتمل خوبصورت گھر بنائے گئے۔

گلگت بلتستان دورے کے دوران وزیراعظم کو تعمیر شدہ گھروں میں سہولیات کی فراہمی پر بریفنگ بھی دی گئی۔

دوران بریفنگ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 216 کلومیٹر طویل گلگت شندور شاہراہ بھی تعمیر کی جا رہی ہے، گلگت سے گاگوچ، گاگوچ سے تندئی اور تندئی سے شندور تک روڈ شامل ہے، منصوبے پر تعمیراتی کام نومبر 2025 تک مکمل ہوجائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ویلج کی تھرڈ پارٹی توثیق کے بغیر ادائیگی نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

 عوام کی ترقی و خوشحالی کیلیے حکومت سرگرم عمل ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت سرگرم عمل ہے۔

گلگت بلتستان کے ایک روزہ دورے کے موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔

وزیراعظم کی سیکریٹریٹ آمد پر شہباز شریف کو روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے پھول پیش کیے جبکہ چیف منسٹر سیکریٹریٹ گلگت بلتستان میں ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے چیف منسٹر سیکریٹریٹ گلگت بلتستان میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام اور لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے نڈر نوجوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

وزیراعظم کی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی جس میں گلگت بلتستان کے امور کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

گورنر و وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو ملک میں حالیہ معاشی استحکام پر خراج تحسین پیش کیا، دونوں رہنماؤں نے گلگت بلتستان میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد و افتتاح کے لیے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیر اعظم کو روایتی چغہ اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔