کراچی : مائرہ فاؤنڈیشن اور پیمان ریجنل نیٹ ورک کے تعاون سے پسٹن کالج سائٹ میں یوتھ کنونشن منعقد کیا گیا۔کنونشن میں سٹی کونسلر فائزہ چوہان ایم کیو ایم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے یوتھ کونسلرز اکبر خان اور خان بہادر نے یوتھ کی چارٹر آف ڈیمانڈ کو سنا۔ جس میں یوتھ نے ڈیمانڈ رکھی کہ ان کے لیے ہیلتھ کارڈ اور اسٹوڈنٹ کارڈ ایشو کیا جائے ۔ان کے لیے اسپورٹس کو زیادہ بہتر اور فری بنایا جائے۔ گرلز کے لیے سیکیور بس ٹریول سروس شروع کی جائے ۔
طالبعلموں نے اپنی اسکالرشپ کے حوالے سے کہا کہ صرف 90 فیصد نمبر لینے والوں کو اسکالرشپ نہ دی جائے بلکہ 60 فیصد نمبرز والوں کو بھی اسکالرشپ دی جائے تاکہ وہ بہتر تعلیم حاصل کر سکیں ۔
انہوں نے ہر اسکول اور کالجز میں ایک بہترین لائبریری بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔ نوجوانوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ آنے والے الیکشنز تک ہماری ڈیمانڈز کو اپنے منشور میں شامل کریں تاکہ ہمیں سیاسی جماعتوں کے انتخاب میں زیادہ آسانی ہو۔
نوجوانوں کے مطالبات کو سنتے ہوئے سٹی کونسلر فائضہ چوہان نے یقین دہانی کروائی کہ وہ جلد ازجلد مذکورہ تمام مطالبات پر بہتر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔
اس موقع پر پروگرام کے اختتام پر مائرہ فاؤنڈیشن کے سی ای او ساجدہ عندلیب نے تمام مہمانوں اور میزبانوں کا شکریہ ادا کیا۔ مہمانوں کو اجرک کے تحفے بھی دیے گئے۔