ریاض : سعودی عرب کے شمالی علاقے الجوف نے اس ہفتے کے آغاز میں ہونے والی شدید بارشوں اور ژالہ باری کے بعد تاریخ میں پہلی بار برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔
جس ملک کے وسیع صحرائی علاقے موسمِ سرما سے شاذ و نادر ہی واقف ہوں وہاں کے کسی علاقے میں برف باری ہونا ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔
سعودی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق الجوف میں رواں ہفتے کے آغاز میں شدید بارش اور ژالہ باری نہ صرف برف باری ہونے کی وجہ بنی بلکہ اس نے خطے کی خشک وادیوں کو ایک نئی زندگی بھی دے دی ہے۔
اس خطے میں بہار کے موسم میں بمشکل صرف جنگلی پھول کھلتے تھے لیکن اب آنے والے چند مہینوں میں یہاں خوشبودار پودوں اور موسمی پھولوں کی افزائش متوقع ہے۔
سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے الجوف میں رونما ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے پیشِ نظر خطے کے گرد و نواح میں طوفانی بارشوں کی وارننگ جاری کر دی ہے۔سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق اس علاقے میں آنے والے دنوں میں مزید گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔