بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود رہے، فائل فوٹو
  بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود رہے، فائل فوٹو

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سوال نامہ فراہم

اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا، احتساب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 342 کا سوال نامہ فراہم کر دیا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت اڈیالہ جیل میں کی، بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی بھی پیشی کے لیے موجود تھیں۔

نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے، جبکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر بھی عدالت میں موجود تھے۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا، 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم اور بشریٰ بی بی کو 342 کا سوال نامہ فراہم کر دیا گیا۔

سوال نامے میں عمران خان اور بشریٰ بی بی سے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس سے متعلق 79 سوالات پوچھے گئے جبکہ سوال نامہ سابق وزیراعظم اور بشریٰ بی بی کی موجودگی میں ان کے وکیل سلمان صفدر نے وصول کیا۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے 11 نومبر کو 342 کے سوال نامے کے جواب عدالت میں جمع کروائے جائیں گے۔

بعدازاں احستاب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔