پنجاب میں سموگ کے ڈیرے، موٹرویز بند

لاہور(اُمت نیوز)پنجاب میں سموگ کی صورتحال آج بھی انتہائی خراب ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور بدستور پہلے نمبر پر ہے اور صبح سویرے شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 714 تک پہنچ گیا ہے۔
پنجاب میں شدید سموگ کے باعث کئی شہروں میں حد نگاہ نہایت کم ہوگئی، دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کردیا گیا ہے۔

موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ سرور تک دھند اور سموگ کے باعث بند ہے۔ لاہور سیالکوٹ ایم 11 اور موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک اور ایم 3 لاہور سے درخانہ تک دھند اور سموگ کے باعث بند کردیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹرویز کو عوام کی حفاظت کیلئے بند کیا جاتا ہے۔ شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں اور گاڑیوں میں دھند والی لائٹس کا استعمال کریں۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے بھی سموگ کیس میں ورک فرام ہوم پالیسی پر عملدرآمد کرنے اور مارکیٹیں آٹھ بجے بند کرنے کا حکم دے دیا ہے، ساتھ ہی دھواں پھیلانے والی تمام گاڑیاں قبضے میں لینے کی ہدایت کی ہے۔

پنجاب حکومت نے بھی ورک فرام ہوم پالیسی پر کام شروع کردیا ہے، ملازمین نجی ہوں یاسرکاری کام گھر بیٹھ کر کریں گے۔

ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور کا پہلا نمبر ہے ،سید مراتب علی روڈ 1107، عسکری ٹین میں شرح 962ریکارڈ ، امریکی قونصلیٹ 854 اور ڈی ایچ اے میں آلودگی کی شرح 622ریکارڈ کی گئی ۔

لاہور میں 11 اور 12 نومبر کو مصنوعی بارش برسانے کی بھی تیاری ہونے لگی ہے، 18 اضلاع میں پارکس اور تفریح گاہیں 10 روز بند رہیں گی۔

عدالت نے دو ہفتوں کے لیے اتوار کے دن کمرشل سرگرمیوں پر پابندی لگانے کا حکم بھی دیا جبکہ سکول ،پارک اور تفریحی گاہوں کو 17نومبر تک بند کر دیا گیا ہے۔