پشاور(اُمت نیوز)صوبائی حکومت اور اساتذہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ مطالبات تسلیم کیے جانے کے بعد اساتذہ آج دھرنا ختم کرنے کا اعلان کریں گے۔
فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے مندرجات کے مطابق پرائمری استاد کی بھرتی کا اسکیل 12 سے 14 کر دیا جائے گا۔ اسی طرح پرائمری ہیڈ ٹیچر کا اسکیل 15 سے 16 کیا جائے گا۔اسکیل 14 میں پرائمری استاد کی بھرتی کے لیے تعلیمی قابلیت بی ایس یا بی اے بی ایس سی ہو گی۔
رکن قومی اسمبلی ارباب شیر علی آج پرائمری اساتذہ کے دھرنے میں مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کریں گے، جس کے ساتھ ہی پرائمری اساتذہ آج دھرنا ختم کرنے اور پیر سے اسکولز کھولنے کا اعلان کریں گے۔
سیکرٹری تعلیم کے مطابق اساتذہ کی اپ گریڈیشن پر 11 ارب روپے کے اضافی اخراجات آئیں گے۔ دوسری جانب فنانس ڈپارٹمنٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل 34 ارب روپے کا تخمینہ پنشن سمیت لگایا گیا تھا۔
آج دھرنا ختم کرنے کے بعد اگلے ہفتے ارباب شیر علی اپ گریڈیشن پر صوبائی حکومت کے ساتھ حتمی مذاکرات کریں گے۔ سیکرٹری تعلیم کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں 13 ہزار اساتذہ کی مستقلی کا اعلامیہ جلد جاری کر دے گی۔
انہوں نے کہا کہ 7 اضلاع میں 3 ہزار پرائمری ہیڈ ٹیچرز کی پروموشن کر دی جائے گی۔ سی پی فنڈ کو پنشن میں تبدیل کرنے کے لیے کابینہ سے منظوری لی جائے گی اور جبری ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا جائے گا۔