لاہور(اُمت نیوز)گرین ٹاؤن میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں چار ڈاکو ہلاک جبکہ 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں ایس ایچ او گرین ٹاؤن خرم شہزاد اور کانسٹیبل آصف شامل ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پیر بازار کے قریب فیروز کالونی میں ایک گھر میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری پہنچی اور علاقہ کو گھیرے میں لے لیا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی جس کے تبادلے میں چار ڈاکو موقع پر ہلاک اور تین فرار ہوگئے۔ ڈاکوؤں نے کلاشنکوف سے بھی شدید فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکو سنگین وارداتوں میں ملوث تھے، جو بینکوں کے باہر شہریوں سے واردات کرتے تھے۔ فرار تین ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے پولیس نے ناکہ بندی کردی۔
مرنے والے ڈاکوؤں کی شناخت گینگ لیڈر رضوان ولد اکبر، علی رضا، زین اور علی کے نام سے ہوئی۔ ملزمان نے چند روز قبل انڈسٹریل اسٹیٹ میں بھی واردات کی تھی اور بینک سے رقم لیکر جانے والے کار سوار کو روک کر لوٹا تھا۔