بھارتی یاتریوں کو 14 سے 23 نومبر تک کا ویزا جاری کیا گیا ہے، فائل فوٹو
بھارتی یاتریوں کو 14 سے 23 نومبر تک کا ویزا جاری کیا گیا ہے، فائل فوٹو

پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کردیے

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کردیے، پاکستانی ہائی کمیشن نے 3 ہزار سے زائد ویزے جاری کیے جبکہ یاتری بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی نے 3 ہزار سے زائد بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کردیے۔

ترجمان پاکستانی ہائی کمیشن نے بتایا کہ بھارتی یاتریوں کو 14 سے 23 نومبر تک کا ویزا جاری کیا گیا ہے، بھارتی یاتریوں کا پاک بھارت مذہبی سیاحت کے 1974 کے معاہدے کے تحت ویزے جاری کیے گئے ہیں۔

بھارتی یاتری 14 نومبر کی صبح واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں گے جبکہ گورونانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کی تقریب 15 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوگی۔ پاکستان میں 10 روزہ قیام کے دوران بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال، گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد، گوردوارہ روڑی صاحب ایمن آباد کے بھی درشن اور یاترا کریں گے۔

بھارتی مہمان گوردوارہ دربارصاحب کرتارپور میں 19 نومبر کو ہونیوالی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں قیام کے بعد بھارتی یاتری 24 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس لوٹ جائیں گے، متروکہ وقف املاک بورڈ نے تمام تیاریاں مکمل کرلیں ہیں۔ 14 نومبر کو واہگہ بارڈر پر بھارتی مہمانوں کا استقبال کیا جائے گا۔